تعاونو علی البر وتقوی
نیکی اور پرہیزگاری پر ایک دوسرے کی مدد کرو      
 

تعاون و امداد

وطن عزیز پاکستان میں قدرتی آفات ، قومی حادثات اور وبائ امراض کے موقع پر متاثرہ ہم وطنوں کی اشک شوئ، خوراک لباس اور عارضی رہائش گاہوں کی فراہمی کے لیے ہمت ٹرسٹ پاکستان کے رضاکار قابل قدر خدمات سر انجام دیتے ہیں۔
ہمت ٹرسٹ کی جانب سے متاثرین سے تعاون کے لیےموئثر اور جدید انداز میں درجہ بدرجہ چار مرحلوں پر کام کیا جاتا ہے۔

 

 
 

جائزہ

1  
حکومتی اداروں، بین الاقوامی تنظیموں اور ایجنسیوں کے اعدادو شمار کی روشنی میں سب سے پہلے ہمت رضا کاروں کی ایک جماعت متا ثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد انتہائ متاثرہ علاقے کا تعین کرتی ہے۔    
اس کے بعد ہمت رضاکار مقامی آبادی کے مختلف افراد / طبقات کے تعاون سے اس علاقے میں پناہ گزینوں کے کوائف﴿خاندان کے افراد/خواندہ اور ہنرمند افراد﴾جمع کر کے ان کے مجموعی نقصان اور ضروریات کا تخمینہ مرتب کرتے ہیں۔    
       

امداد

2
 
متاثرین/پناہگزین اور بے گھر خاندانوں کو ان کی جائے پناہ پر پکا پکایا پیک شدہ کھانا مہیا کیا جاتا ہے۔    
متاثرین کو خاندان کے مجموعی افراد حساب سے خشک راشن ، کپڑے ، برتن ، خیمے، جوتے اور دیگر ضروریاتِ زندگی مہیا کی جاتی ہیں۔    
       

بحالی

3
 
متاثرین میں نوجوان اور دیگر ہنر مند افراد کو صدمے کی کیفیت سے باہرنکالنے کے لیے ہمت ٹرسٹ کی جاری مختلف امدادی سرگرمیوں میں کھپایا جاتا ہے۔مزید برآں انہیں زندگی کے دھارے میں واپس لانے کے لیے غیر محسوس انداز میں مختلف کام کاج کی ترغیب بھی دی جاتی ہے۔    
معصوم بچوں کے سہمے ھوئے چہروں پر مسکراہٹ بکھیرنے کے لیے کھیل کود کا مختلف سامان تقسیم کیا جاتا ہے۔    
سکول جانے والے بچوں کے لیے عارضی مکتب سکول قائم کیے جاتے ہیں، جہاں مقامی طور پر معلم /معلمہ کا انتظام کیا جاتا ہے۔    
ہنر مند افراد کو ہمت ٹرسٹ کی جانب سے مختلف امدادی کاموں میں بہ حیثیت کارکن بھرتی کرکے انہیں روزانہ بنیاد پر کام کی باقاعدہ اجرت ادا کی جاتی ہے۔    
دست کار اور ہنر مند افراد اور خواتین کو ان کے ہنر کے مطابق سامان مہیا کیا جاتا ہے تاکہ وہ حادثے کا غم بھلاکر باعزت طریقے سے کام کاج کے ذریعے اپنے کنبے کی کفالت کر سکیں۔    
       

آباد کاری

4
 
قدرتی آفات اور حادثات کے بعد معمولاتِ زندگی کی روانی پر ہمت رضاکاران متاثرہ خاندانوں کے ہمراہ پورے علاقے کا از سر نو سروے کرتے ہیں، جس میں متاثرین کے گھروں ، املاک، زرعی اراضی، کاروبار اور دیگر نقصانات کے حساب سے بحالی و آباد کاری کا تخمینہ لگایا جاتا ہے۔    
متاثرین کو اپنی مدد آپ کے تحت زندگی کے دھارے میں واپس آنے کی ترغیب دلائ جاتی ہے اور انفرادی و اجتماعی طور پر انہیں غیر محسوس انداز میں امداد باہمی کے لیے تیار کیا جاتا ہے۔    
پہلے مرحلے پر ہر گاؤں اور بستی میں ہمت رضا کارمقامی متاثرین کے ساتھ مل کراس گاؤں اور بستی کی بیوہ خواتین کے گھروں کی تعمیر و مرمت میں حصہ لیتے ہیں۔    
دوسرے مرحلے پر انتہائ متاثرہ افراد کے گھروں کی تعمیر و مرمت کے لیے ضروری سامان فراہم کیا جاتا ہے۔ جب کہ تعمیر اور مزدوری کا کام مقامی افراد امداد باہمی کے طور پر خود سر انجام دیتے ہیں۔    
متاثرین کی گھروں میں واپسی سے پہلے مختلف میڈیکل کیمپ کے ذریعے وبائ امراض سے بچاؤ کے لیے باقاعدہ ویکسینیشن کی جاتی ہے۔    
متاثرین کی واپسی سے قبل میڈیکل کیمپ میں ماہر ڈاکٹرز کے ذریعے اس بات کا مکمل اطمنان کیا جاتا ہے کہ کوئ فرد وبائ یا چھوتی مرض میں مبتلا نہ ہو۔ متاثرہ افراد کو مفت ادویات فراہم کی جاتی ہیں اور انتہائمتاثرہ مریضوں کو قریبی سرکاری ہسپتال منتقل کرنے میں مدد کی جاتی ہے۔    
حاملہ خواتین کو ماہر گائناکالوجسٹ سے معائنہ کرواکر انہیں حفاظتی تدابیر بارے بتایا جاتا ہے اور ضروری ادویات اور خوراک بالکل مفت فراہم کی جاتی ہیں۔    
انتہائ بیمار اور چھوتی امراض میں مبتلا مریضوں کے اہل خانہ کو حفاظتی تدابیر بارے رہنمائ کی جاتی ہے۔    
عارضی پناہ گاہوں سے اپنے گھروں کو واپس لوٹنے والے متاثرہ خاندانوں کو ٹرانسپورٹ کے علاوہ کم از کم 15 روز کا راشن فراہم کیا جاتا ہے۔    
کاشتکار اور زمینداروں کو موسم کے لحاظ سے فصل کی کاشت کے لیے بیج اور دیگر ضروریات فراہم کی جاتی ہیں۔    
       

ہمت پاکستان-------خدمت پاکستان

 
 
HRR(Himmat)  Trust © 2013 | Privacy Policy